سندھ میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری، کراچی کا موسم کیسا رہے گا؟
دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ بھر میں ہیٹ ویو سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا، اس دوران دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بالائی اور وسطی اضلاع میں آج سے 3 مئی کے دوران ہیٹ ویو کا امکان ہے۔ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
جامشورو، دادو، بے نظیر آباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں بھی جمعرات تک گرم دن ریکارڈ ہو سکتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری تک تجاوز کر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد تک بڑھنے کے سبب گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی ہیٹ ویو والے علاقوں میں شامل نہیں کیونکہ کراچی زیریں سندھ میں واقع ہے، ہیٹ ویو وسطی اور بالائی سندھ پر اثرانداز ہوگا۔
ماہرین نے گرمی کی لہر کے دوران خواتین، بچوں اور بزرگوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔ دن کے وقت سورج کی براہ راست تپش کے دوران گھروں سے کم نکلا جائے اور پانی کا استعمال زیادہ رکھیں۔
