پاکستان کا جدید ترین فتح ٹو میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ

یہ میزائل سسٹم جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشنل آلات سے لیس ہے؛ آئی ایس پی آر


راولپنڈی (قدرت روزنامہ)پاکستان نے جدید ترین فتح II میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی تجربہ کرلیا۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آج آرمی راکٹ فورس کمانڈ (ARFC) نے مقامی سطح پر تیار کردہ فتح II میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے، یہ میزائل سسٹم جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشنل آلات سے لیس ہے۔
افواج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ اس تربیتی تجربے کا مقصد فوجیوں کی تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق، اور بہتر درستگی اور دشمن کے دفاع سے بچنے کی صلاحیت کے لیے شامل کیے گئے مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا، میزائل داغنے کے اس عمل کا مشاہدہ سٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاکستان آرمی کے سینئر افسران کے ساتھ ساتھ سٹریٹجک تنظیموں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کے کامیاب تربیتی تجربے کی بھرپور تعریف کی، صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے اس میزائل کے کامیاب تجربے میں حصہ لینے والے تمام افراد کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو سراہا۔

WhatsApp
Get Alert