جوڈیشل کمیشن اجلاس میں اہم پیشرفت: جسٹس بابر ستار پشاور، جسٹس محسن کیانی لاہور اور جسٹس ثمن رفعت سندھ ہائیکورٹ منتقل؛ چیف جسٹس کی مخالفت کے باوجود ارکان کی ریکوزیشن پر تبادلوں کی منظوری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اہم اجلاس میں اکثریتی رائے کی بنیاد پر ہائیکورٹ کے ججوں کے تبادلوں کی حتمی منظوری دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کا لاہور ہائیکورٹ اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کا سندھ ہائیکورٹ تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ پشاور ہائیکورٹ سے متعلق ہونے والے دوسرے اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار کا تبادلہ بھی پشاور ہائیکورٹ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب، کمیشن کے ارکان نے جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس خادم سومرو کے تبادلوں کی سفارش واپس لے لی ہے، جس کے بعد ان کے تبادلوں کا معاملہ فی الحال مؤخر ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس اہم اجلاس سے قبل جسٹس بابر ستار نے جوڈیشل کمیشن کے سربراہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو ایک خط ارسال کیا تھا، جس میں آئین کے آرٹیکل 200 کا حوالہ دیتے ہوئے استدعا کی گئی تھی کہ قانون کے مطابق کسی بھی جج کے تبادلے سے قبل اجلاس میں متعلقہ جج کا مؤقف سنا جانا ضروری ہے، لہٰذا انہیں ذاتی طور پر سنا جائے۔
ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ابتدائی طور پر ججز کے ٹرانسفر کے لیے اجلاس بلانے کی مخالفت کی تھی، تاہم جسٹس سرفراز ڈوگر کی قیادت میں 5 ممبران کی جانب سے ریکوزیشن جمع کروانے کے بعد آج یہ اجلاس طلب کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 5 ججز کے تبادلوں پر غور کر کے اکثریتی فیصلے صادر کیے گئے۔

WhatsApp
Get Alert