وی ٹی سی گوادر میں خفیہ تعیناتیوں کا انکشاف، ایک ماہ کے دوران 14 افراد کی باہر سے تعیناتی اور کوئٹہ میں جوائننگ، پرنسپلز بھی لاعلم، سیکریٹری لیبر کی چوری چھپے تعیناتیاں کسی صورت قبول نہیں،مولانا ہدایت الرحمان بلوچ


گوادر(قدرت روزنامہ)قائد حق دو تحریک بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر گوادر اور ویمن ووکیشنل ٹریننگ سینٹر گوادر کا خصوصی دورہ کرتے ہوئے مبینہ خفیہ تعیناتیوں پر سخت ردعمل دیا ہے۔دورے کے دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے پرنسپل وی ٹی سی عبدالصمد شاہی اور پرنسپل ویمن وی ٹی سی نورصباء سے فرداً فرداً ملاقات کی اور حالیہ تعیناتیوں سے متعلق تفصیلی استفسار کیا۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ وی ٹی سی گوادر میں ایک ماہ کے دوران 12 افراد جبکہ ویمن وی ٹی سی میں 2 افراد کو گریڈ 1 سے 14 تک کی خالی آسامیوں پر باہر سے تعینات کیا گیا، جبکہ اس حوالے سے اداروں کے پرنسپلز بھی لاعلم تھے۔مزید انکشاف ہوا کہ نئے تعینات افراد نے گوادر کے بجائے کوئٹہ میں جوائننگ دی اور گوادر آئے بغیر ہی کاغذات خزانہ دفتر بھجوا دیے گئے تاکہ تنخواہوں کا اجرا ممکن بنایا جا سکے۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اس معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری لیبر اینڈ مین پاور کی جانب سے ایسی چوری چھپے تعیناتیاں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی، اور اس حوالے سے متعلقہ وزیر اور سیکریٹری سے فوری رابطہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور اس معاملے کو صوبائی اسمبلی میں بھی بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا: “میں چیلنج کرتا ہوں کہ گوادر میں ان آسامیوں کے لئے قابل ترین نوجوان موجود ہیں، مگر ماضی کی طرح ان کے حقوق سلب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔”انہوں نے واضح کیا کہ گوادر کے نوجوانوں کے روزگار کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور میرٹ و مقامی حق کے تحفظ کے لئے ہر فورم پر جدوجہد جاری رہے گی۔

WhatsApp
Get Alert