پیپلز ایئر ایمبولینس منصوبہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی کاوشوں کا ثمر، جلد افتتاح ہوگا: وزیر صحت بخت محمد کاکڑ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ پیپلز ایئر ایمبولینس منصوبہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس سے صوبے میں صحت کے شعبے میں ایک نیا باب رقم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو اس نوعیت کی جدید فضائی طبی سہولت کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کا واضح مظہر ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے مریضوں کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔
وزیر صحت نے بتایا کہ اس اہم اور انقلابی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح جلد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔
بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ پیپلز ایئر ایمبولینس بلوچستان کے عوام کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا انقلابی اقدام ہے، جو ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد اور مریضوں کو بڑے شہروں کے اسپتالوں تک بروقت منتقل کرنے میں مدد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر صحت کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف ہنگامی طبی خدمات کو بہتر بنائے گا بلکہ صوبے کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری کا باعث بھی بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور ان کے طرز زندگی میں بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس سے کسی صورت پہلو تہی نہیں کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert