ڈی جی بی آئی ایس پی رومانہ گل کاکڑ کا کوئٹہ میں بے نظیر نشونما مراکز کا دورہ، سہولیات اور اسٹاک کا تفصیلی جائزہ
ماں اور بچے کی صحت حکومت کی اولین ترجیح، غذائی سپلیمنٹس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، متعلقہ عملے کو ہدایات جاری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ڈائریکٹر جنرل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹر، رومانہ گل کاکڑ نے کوئٹہ میں بے نظیر نشونما پروگرام کے مختلف مراکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فراہم کی جانے والی سہولیات، غذائی سپلیمنٹس کے اسٹاک، انتظامی امور اور مستحق خواتین و بچوں کو دی جانے والی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

یہ پروگرام بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ورلڈ فوڈ پروگرام اور حکومت بلوچستان کے تعاون سے جاری ہے، جس کا بنیادی مقصد ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانا اور بچوں میں سٹنٹنگ یعنی قد کی کمی کی روک تھام ہے۔ پروگرام میں خاص طور پر حمل سے لے کر بچے کی دو سال عمر تک کے ابتدائی ایک ہزار دنوں پر توجہ دی جاتی ہے، جو بچے کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے نہایت اہم سمجھے جاتے ہیں۔
دورے کے دوران رومانہ گل کاکڑ نے مراکز میں موجود غذائی سپلیمنٹس کا معائنہ کیا، اسٹاک کی دستیابی کا جائزہ لیا اور ایکسپائری ڈیٹس چیک کیں۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ مستحق خواتین اور بچوں کے لیے غذائی سپلیمنٹس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے نشونما مراکز میں انتظامی معاملات اور سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماں اور بچے کی صحت میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس اہم فریضے میں کسی بھی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
