بلوچ قوم کے مسائل محض اسمبلی کی نئی عمارت تعمیر کرنے سے حل نہیں ہوں گے، نواب اسلم رئیسانی
اصل ضرورت ریاستی اعتماد کی بحالی، سنجیدہ سیاسی مکالمے اور تاریخی قومی حقوق کی فراہمی ہے، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کا بیان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت)سابق وزیراعلی بلوچستان اور چیف آف ساروان نواب محمد اسلم رئیسانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچ قوم کے مسائل محض اسمبلی کی نئی عمارت تعمیر کر دینے سے حل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اصل ضرورت ریاستی اعتماد کی بحالی (Restoring State Trust)، سنجیدہ سیاسی مکالمے اور تاریخی قومی حقوق کی فراہمی ہے۔نواب اسلم رئیسانی نے مزید کہا کہ اصل تصفیہ “حقِ حکمرانی” اور صوبے کے اپنے وسائل پر مکمل دسترس حاصل کرنے میں ہے۔ بین الاقوامی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ایران اور امریکہ کے درمیان سفارتی عمل اور مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ثالثی کرنے والے فریق کو یہ ذمہ داری بھی اٹھانی ہوگی کہ وہ اس تنازع میں زیادتی کرنے والے کا تعین کرے۔ انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن صرف جنگ بندی سے نہیں بلکہ حقیقی انصاف کے قیام سے ہی ممکن ہوتا ہے۔
