تھراپی کے ساتھ ساتھ ورزش اور اچھے دوستوں کی صحبت ذہنی سکون کے لیے ناگزیر ہے، زارا نور عباس

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف اداکارہ زارا نور عباس نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک ویڈیو کے ذریعے ذہنی صحت کے حوالے سے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ جم میں ورزش کے دوران بنائی گئی اس ویڈیو میں انہوں نے اپنی زندگی کی ذہنی کشمکش اور ان سے نمٹنے کے طریقوں پر کھل کر بات کی۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک طویل عرصے تک وہ اپنے جذبات کو سمجھنے اور انہیں تسلیم کرنے سے قاصر تھیں، جس میں تھراپی نے ان کی کافی مدد کی۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ محض گھر کے روزمرہ کام کاج، جیسے کھانا پکانا یا گاڑی چلانا، ذہنی صحت کے لیے کافی نہیں ہیں۔ ان کے نزدیک ‘موومنٹ’ (حرکت) سے مراد کسی مخصوص جگہ (جیسے پارک یا جم) جا کر باقاعدہ جسمانی ورزش کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ورزش کے دوران انہیں جو خوشی اور اطمینان محسوس ہوتا ہے، وہ ان کی ذہنی صحت کے لیے ایک ‘کک’ کا کام کرتا ہے۔
زارا نور عباس نے ایک حقیقت پسندانہ موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ انسان کبھی بھی ڈپریشن سے مکمل طور پر باہر نہیں نکل پاتا، بلکہ وہ اسے سمجھنا اور اس کے ساتھ جینا سیکھ لیتا ہے۔
انہوں نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اینگزائٹی اور ان چیزوں کو پہچانیں جو انہیں پریشان کرتی ہیں اور پھر ان پر قابو پانے کی کوشش کریں۔
اداکارہ نے ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے سادہ مگر مؤثر طریقے بتاتے ہوئے کہا کہ ایک اچھی فلم دیکھنا یا کسی اچھے دوست سے دل کی بات کر لینا بھی انسان کو بڑی ذہنی اذیت سے بچا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ زارا نور عباس اس سے قبل بھی اینگزائٹی، روحانیت اور زچگی کے بعد ہونے والے ڈپریشن پر کھل کر بات کرچکی ہیں۔
انہوں نے ہمیشہ خواتین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ محض جوان نظر آنے کی کوشش میں اپنی صحت کو نقصان نہ پہنچائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ان کی اس ویڈیو سے ایک شخص کو بھی فائدہ پہنچا، تو وہ سمجھیں گی کہ ان کا مقصد پورا ہوگیا۔
