عوام پر ٹیکسوں کا بھاری بوجھ: ایک لیٹر پیٹرول پر 129 روپے اور ڈیزل پر 82 روپے سے زائد ٹیکس وصول کیے جانے کا انکشاف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزارت توانائی کے ذرائع نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمتوں پر عائد ٹیکسز کی ہوشربا تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 32 فیصد تک ٹیکس شامل ہے، جس کا مجموعی حجم 129 روپے 72 پیسے بنتا ہے۔ اس بھاری کٹوتی میں 23 روپے 72 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 103 روپے 50 پیسے لیوی، اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی شامل کی گئی ہے۔
دوسری جانب، ہائی اسپیڈ ڈیزل استعمال کرنے والے عوام بھی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت میں 21 فیصد ٹیکسز شامل ہیں، جن کی کل مالیت 82 روپے 81 پیسے فی لیٹر بنتی ہے۔ ڈیزل کی مد میں عوام سے 51 روپے 62 پیسے کسٹم ڈیوٹی، 28 روپے 69 پیسے لیوی، اور 2 روپے 50 پیسے کلائمیٹ سپورٹ لیوی وصول کی جا رہی ہے۔
