جے یو آئی کی ڈیڈ لائین میں ایک دن باقی ‘ بلوچستان حکومت کا وفد مولانا واسع کے پاس پہنچ گیا ‘ مدارس رجسٹریشن پر ڈیڈ لاک تاحال برقرار ‘ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو کی قیادت میں حکومتی وفد نے اپوزیشن رہنماؤں سے مذاکرات کیے ہیں۔ حکومتی وفد میں صوبائی وزراء میر علی مدد جتک اور میر برکت رند سمیت دیگر شامل تھے، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ملاقات میں جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و سینیٹر مولانا عبدالواسع، بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری، چیئرمین پی اے سی اصغر ترین، اپوزیشن رکن اسمبلی سید ظفر آغا اور رکن قومی اسمبلی عثمان بادینی سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔

ملاقات کے دوران مدارس کی رجسٹریشن سمیت صوبے کے مجموعی سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور حکومتی وفد اور اپوزیشن کے درمیان آئندہ بھی بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں، جہاں سے علماء اور حفاظ فارغ التحصیل ہوتے ہیں۔
تاریخی حوالے سے دیکھا جائے تو دینی مدارس نے ہمیشہ مسلم امہ کو جوڑے رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان تمام قوموں اور مختلف مذاہب کا گلدستہ ہے، جبکہ مولانا عبدالواسع ایک زیرک اور قابل احترام سیاستدان ہیں۔ صوبائی وزیر میر علی مدد جتک نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے حوالے سے حکومتی موقف کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
حکومت نے ہمیشہ اپوزیشن سمیت تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کو ترجیح دی ہے اور اپوزیشن رہنماؤں کے پاس حکومتی نمائندوں کا چل کر آنا حکومتی سنجیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
