باقاعدگی سے نماز پڑھتی ہوں غیر مسلم کیساتھ شادی نہیں کر سکتی، بھارتی اداکارہ ریم شیخ

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی اداکارہ ریم شیخ کا کہنا ہے وہ کسی بھی غیر مسلم کے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بین المذاہب تعلقات کے بارے میں اپنے تاثرات شیئر کرتے ہوئے کچھ انکشافات بھی کیے۔
ریم شیخ سے میزبان نے سوال کیا کہ اگر آپ کو کسی دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے آدمی سے محبت ہوگئی تو معاملات پیچیدہ ہو جائیں گے؟
اداکارہ نے اس سوال کا بہت واضح انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ایسا کر ہی نہیں پاؤں گی کیونکہ میں بہت مذہبی شخصیت کی مالک ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں 5 وقت کی نماز پڑھتی ہوں اور اب میں نے روزے بھی رکھنا شروع کر دیے ہیں تو مجھے نہیں لگتا کہ میں کسی دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والے آدمی سے شادی کر سکوں گی۔
محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ریم شیخ نے کہا کہ میرے پاس محبت پر یقین نہ کرنے کی وجوہات ہیں کیونکہ میں نے اپنے گھر میں طلاق دیکھی ہے، میں نے اپنے آس پاس رشتوں کو ٹوٹتے ہوئے دیکھا ہے، میرے پاس محبت پر یقین نہ کرنے کی ہر وجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خدا سے جڑنے کے لیے بھی آپ کو محبت کی ضرورت ہے، اگر محبت نہیں ہے تو آپ خدا کے ساتھ یا اپنے آس پاس کے لوگوں کے ساتھ رشتہ نہیں بنا پائیں گے۔
واضح رہے اداکارہ کا ایک ایسے خاندان سے تعلق ہے جہاں ان کی والدہ ہندو اور والد مسلمان ہیں۔
