پارٹی اداروں کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد ہی مثبت نتائج کا ضامن ہے، چیئرمین خوشحال خان کاکڑ
تنظیمی استحکام، ڈسپلن کی پابندی اور قومی مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہد تیز کرنا ہوگی، پشین میں ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

پشین (قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے ضلع پشین کی ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی اداروں کے اجلاسوں کا بروقت انعقاد اور فیصلوں پر مؤثر عمل درآمد ہی مثبت نتائج کا ضامن ہو سکتا ہے۔ تنظیمی استحکام، سیاسی فعالیت اور عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ پارٹی تنظیم کے تمام شعبوں پر بھرپور توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اصولوں اور ڈسپلن کی پابندی ناگزیر ہے کیونکہ منظم جماعتیں ہی قومی جدوجہد میں کامیابی حاصل کرتی ہیں۔ اجلاس میں مرکزی و صوبائی عہدیداران بشمول محمد عیسیٰ روشان، اللہ نور خان، فقیر خوشحال کاسی، پروفیسر اسد خان ترین، محمود ریاض اور سید احسان آغا نے شرکت کی۔ خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ پشتونخوا نیپ نے انتہائی کم عرصے میں وطن کے ہر علاقے میں اپنے تنظیمی اداروں کی تشکیل کر کے مضبوط سیاسی بنیاد قائم کی ہے۔ موجودہ حالات کے تناظر میں کارکن اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور پارٹی کو مزید فعال کریں۔ غیور عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، وسائل پر قبضے اور سیاسی بے اختیاری کا سامنا ہے، ایسے میں قومی جدوجہد کو منظم اور نتیجہ خیز بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پشتونخوا نیپ پشتون قومی سیاسی تحریک کے ہر اول دستے کے طور پر کام کر رہی ہے اور تمام سیاسی کارکنوں کو متحد کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ تقریب کے اختتام پر ضلعی سینئر معاون سیکریٹری سردار فیصل خان ترین کی جانب سے شرکا کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا، جہاں تنظیمی امور اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
