بلوچستان میں بدامنی اور حادثات: قلات میں فائرنگ سے نوجوان قتل، لاش رکھ کر قومی شاہراہ بلاک؛ پنجگور سے مغوی کی لاش برآمد، وڈھ میں دستی بم حملہ

قلات، پنجگور، خضدار، ڈیرہ بگٹی ( قدرت نیوز)بلوچستان کے مختلف شہروں میں اغوا کے بعد قتل، فائرنگ، دستی بم حملے اور ٹریفک حادثات کے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 3 شدید زخمی ہو گئے۔ قلات میں قتل کے خلاف ورثاء نے کوئٹہ کراچی شاہراہ بلاک کر کے شدید احتجاج شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، قلات کے علاقے محلہ خیل کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ستار عزیز ولد بابو عبد العزیز قوم نیچاری موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقتول اقبال عزیز اور طارق عزیز نیچاری کے بھائی تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کی گئی، جس کے بعد لواحقین نے لاش کو این 25 کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا اور سڑک ٹریفک کے لیے مکمل بلاک کر دی، جس کے باعث سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین کا سخت مطالبہ ہے کہ جب تک واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاتا، ان کا یہ احتجاج جاری رہے گا۔
ادھر پنجگور کی تحصیل پروم کے علاقے مکھد کے ویرانے سے ایک شخص کی گولی لگی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت جائین سر پروم کے رہائشی عالم غلام حسین کے نام سے ہوئی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مقتول کو گزشتہ روز 30 اپریل 2026 کو پھل آباد کے علاقے سے نامعلوم مسلح افراد نے اس کی لوڈر گاڑی سمیت اغوا کیا تھا، جس کے بعد سے وہ لاپتہ تھا۔ علاوہ ازیں، پنجگور ہی کے علاقے بونستان میں ڈکیتی کے دوران مبینہ طور پر مزاحمت کرنے پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایاز ولد ریاض نامی شخص شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
صوبے میں تخریب کاری اور حادثات کے دیگر واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ خضدار کی تحصیل وڈھ میں نامعلوم مسلح افراد نے ضمیر شاہیزئی کی دکان پر دستی بم پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ واقعے میں دکان کو جزوی نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں ٹاؤن سوئی رنگ روڈ پر دو تیز رفتار موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس خوفناک تصادم کے نتیجے میں محمد موسیٰ حبیبانی بگٹی موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دیگر دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ مقامی پولیس نے لاش اور زخمیوں کو سوئی انڈس ہسپتال منتقل کر کے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ متعلقہ تھانوں کی پولیس ان تمام واقعات کے مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔
