اقتدار اور مراعات کے لیے اصولوں کا سودا کرنے والے عناصر یاد رکھیں، جمعیت علماء اسلام دباؤ، لالچ یا بیرونی ایجنڈے کے سامنے سر نہیں جھکائے گی، مولانا عبدالواسع

مدارسِ دینیہ کے خلاف کوئی بھی اقدام ناقابلِ برداشت ہوگا، بیرونی ایجنڈوں کے تحت کارروائی کی گئی تو نتائج کی ذمہ دار حکومت ہوگی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع، جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ و دیگر صوبائی قیادت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اقتدار اور مراعات کے لیے اصولوں کا سودا کرنے والے عناصر اپنی روش پر قائم رہیں مگر جمعیت علماء اسلام ایک نظریاتی قوت ہے جو کسی دباؤ، لالچ یا بیرونی ایجنڈے کے سامنے سر نہیں جھکائے گی، انہوں نے کہا کہ صوبائی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں حکومتی اقدامات خصوصاً مدارسِ دینیہ کے خلاف کارروائیوں اور ممکنہ کریک ڈاؤن کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ مدارسِ دینیہ ملک کے نظریاتی، دینی اور تہذیبی قلعے ہیں اور ان کے خلاف کوئی بھی اقدام ناقابلِ برداشت ہوگا، قیادت نے کہا کہ علماء کرام کو دباؤ میں لانے یا دینی اداروں کو کمزور کرنے کی کسی کوشش کا بھرپور اور ہر سطح پر جواب دیا جائے گا، بیان میں مزید کہا گیا کہ ہماری تاریخ قربانیوں، استقامت اور مزاحمت سے عبارت ہے اور ہم نے ماضی میں بھی ہر جبر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کسی قسم کی سازش یا دباؤ کے آگے جھکنا ممکن نہیں، اگر بیرونی ایجنڈوں یا مغربی پشت پناہی کے تحت مدارس کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی، جلسے جلوس اور دیگر جمہوری ذرائع استعمال کیے جائیں گے اور عوام میدان میں نکل کر اپنے دینی اداروں کے تحفظ کا عملی ثبوت دیں گے، آخر میں انہوں نے حکومت کو واضح پیغام دیا کہ وہ فوری طور پر مدارس کے خلاف اقدامات سے باز آئے، علمائ￿ کرام کے احترام اور تحفظ کو یقینی بنائے اور مسائل کا حل طاقت کے بجائے سنجیدہ مکالمے کے ذریعے نکالے، بصورت دیگر حالات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی جبکہ جمعیت علمائ￿ اسلام بلوچستان اپنے دینی مؤقف اور عوامی حقوق کے دفاع سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔

WhatsApp
Get Alert