بلوچستان حادثات و واقعات میں 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ افغان باشندوں سمیت 9 افراد جاں بحق، 25 زخمی

پنجگور، کچھی، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، ڈیرہ مراد جمالی، بارکھان، تربت: ( ڈیلی قدرت کوئٹہ ) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی اور ہولناک ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 2 دہشت گردوں اور 2 افغان باشندوں سمیت 11 افراد ہلاک جبکہ 25 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ بارکھان میں قبائلیوں نے ایک شہری کے اغوا اور قتل پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، ضلع بارکھان کے علاقے بغاوو اور ڈیرہ بگٹی اپر کے بارڈر پر بگٹی قبائل کے جنگجوؤں اور مسلح دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب مسلح دہشت گردوں نے رکھنی سے ایک بے گناہ شہری کو اغوا کے بعد شہید کر دیا۔ اس واقعے پر میر آفتاب بگٹی اور حاجی خان محمد بگٹی کی قیادت میں بگٹی قبائل کے سینکڑوں جنگجوؤں نے فوری طور پر دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے کالعدم بی ایل ایف کے 2 دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ آخری اطلاعات تک دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔
ادھر ضلع کیچ کے علاقے دشت بشولی میں سیکیورٹی فورسز نے معمول کی چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ڈرائیور کی جانب سے اشارے کو نظر انداز کر کے گاڑی بھگانے پر فورسز نے فائرنگ کر دی۔ اس کارروائی کے نتیجے میں گاڑی میں سوار غلام جیلانی اور فریدہ نامی خاتون موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں، جن کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ افراد مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے ایران جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں مزید 12 افغان باشندے زخمی بھی ہوئے جنہیں حراست میں لے کر تربت ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ گاڑی میں سوار بچے محفوظ رہے۔
صوبے میں بدامنی اور فائرنگ کے دیگر واقعات میں بھی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ ڈیرہ بگٹی کے سوئی تھانے کی حدود ڈولی چیک پوسٹ کے قریب مسلح افراد نے پانی کے ٹینکر (ٹریکٹر) پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور لولا بگٹی جاں بحق اور ہدایت نامی شخص زخمی ہو گیا۔ ڈیرہ مراد جمالی کے قریب تھانہ منجھو شوری کی حدود گوٹھ پناہ میں گھریلو حالات سے تنگ آ کر رفیق نامی نوجوان نے خود پر فائرنگ کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
دوسری جانب ٹریفک کے المناک حادثات نے بھی کئی گھرانوں میں صفِ ماتم بچھا دی۔ کچھی کے علاقے مٹھڑی کے قریب قومی شاہراہ پر ایک تیز رفتار ڈمپر نے پک اپ ڈاٹسن کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے، جنہیں سبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پنجگور کی سب تحصیل پروم کپ میں تیز رفتاری کے باعث زمباد گاڑی الٹنے سے سہیل ولد واجداد جاں بحق اور 6 افراد (قادر جان، بالاچ، ثناء اللہ، رحمن، مزیر احمد اور سبزل) شدید زخمی ہو گئے۔
مزید برآں، جھل مگسی کے قریب گنداواہ پولیس تھانے کی حدود گوٹھ میر جت کے مقام پر ٹرک الٹنے سے ڈرائیور عبدالغنی میر جت ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے، جبکہ نوتال پولیس تھانے کی حدود لانڈھی گنداواہ روڈ پر ٹریفک حادثے میں رئیس محمد ولد ہزار خان سولنگی شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام متعلقہ علاقوں میں کارروائیاں اور تفتیش شروع کر دی ہے۔
