کراچی میں 2018 کے بعد گرم ترین دن ریکارڈ، درجہ حرارت 44 ڈگری سے تجاوز کر گیا

مئی 2018 میں شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا، محکمہ موسمیات


کراچی (قدرت روزنامہ)شہر قائد میں موسم آج شدید گرم اور خشک ہونے کے سبب درجہ حرارت 44 ڈگری سے بھی تجاوز کر گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سن 2018 کے بعد شہر میں گرم ترین دن ریکارڈ ہوا تاہم گرمی کا سابقہ ریکارڈ نہیں ٹوٹا، مئی 2018 میں شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
کراچی میں مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سن 1938 کو 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 8 فیصد ہونے سے گرمی کا احساس 38 ڈگری کے مساوی رہا، شہر میں شمال مغربی سمت سے 19 کلو میٹر فی گھنٹی کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔
شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع تھی۔ دوپہر کے وقت سمندری ہوائیں بند رہنے جبکہ شام کے وقت سمندر کی ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔
کراچی میں آج صبح سے ہی شدید گرمی تھی اور دن 11 بجے درجہ حرارت 41 ڈگری پر پہنچ گیا تھا۔
شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، ہوا میں نمی کا تناسب 27 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو زیادہ سے زیادہ پارہ 37 سے 39 اور بدھ کو 36 تا 38 ڈگری رہنے کی توقع ہے جبکہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہی، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9۔40 جبکہ نمی کا تناسب 52 فیصد رہا۔
کراچی میں گرم ترین دن کے دوران ہیٹ انڈیکس اصل درجہ حرارت کے مقابلے میں 4 تا 5 ڈگری اضافے سے 45 ڈگری کے مساوی محسوس ہوا۔
شمالی سمت کی ہوائیں چلنے کے سبب دن بھر لو کے تھپیڑے چلے، متوازی سمت کی ہواؤں کے سبب سمندری ہوائیں کئی گھنٹے غیرفعال رہیں۔

WhatsApp
Get Alert