ون کانسٹیٹیوشن ایونیو میں میرا کوئی اپارٹمنٹ یا کسی خاندان کے فرد کی کوئی سرمایہ کاری نہیں،سوشل میڈیا پر غلط مہم جاری رکھی گئی تو قانونی کارروائی کریں گے،خواجہ سعد رفیق


لاہور(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما،سابق وزیر خواجہ سعد رفیق نے وضاحت کی ہے کہ اسلام آباد میں ون کانسٹیٹیوشن پروجیکٹ میں شراکت داری یا عمارت میں کچھ اپارٹمنٹس کی ملکیت مجھ سے منسوب کرنیکی سوشل میڈیا مہم چلائی جا رہی ہے‏۔میں نے پہلے بھی واضح کیا ہے کہ اس منصوبہ میں میرا کوئی اپارٹمنٹ یا کسی خاندان کے فرد کی کوئی سرمایہ کاری نہیں ہے،میرے خلاف اس کے بعد اگر سوشل میڈیا پر غلط مہم جاری رکھی گئی تو قانونی کارروائی کریں گے۔
اپنے جاری وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ 9 اپریل کو ایک صحافی کی ٹویٹ کے جواب میں ایکس پر پہلے ہی وضاحت کر چکا ہوں۔ ‏اس پراجیکٹ کے حوالے سے بعد از تحقیق میری ذاتی رائے بہت واضح ہے کہ حکومت سی ڈی اے کو پہنچائے گئے نقصان کی بمعہ منافع تلافی کے لیے ہر قانونی راستہ اختیار کرے۔اپارٹمنٹس کے تصدیق شدہ اور مکمل ادائیگی کر چکنے والے مالکان کے بنیادی حقوق اور سرمایہ کاری کا قانون اور اصول کے مطابق تحفظ کیا جائے۔سی ڈی اے کو اس زیر تعمیر عمارت کے پلاٹ کی قیمت کی عدم ادائیگی کے باوجود اسکی تعمیر اور فروخت نہ روکنے والے ریگولیٹرز اور انکے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔قوی امید ہے کہ حکومت فریقین کے ساتھ انصاف کے تقاضے پورے کرے گی اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لائے گی۔‏اس مفصل وضاحت کے بعد اگر کسی اکاؤنٹ سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا تو ہم اسکے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert