وفاقی بجٹ میں سگریٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں نمایاں اضافے کی تجویز

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیم سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف دی چائلڈ (سپارک) نے آئندہ مالی سال2026-27 کے وفاقی بجٹ میں سگریٹ پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی(ایف ای ڈی) میں نمایاں اضافے کی تجویز پیش کر دی۔
تجویز میں کہاگیا کہ اس سے قومی خزانے کو 51 ارب روپے تک اضافی آمدن حاصل ہوگی ، تجاویز میں کم قیمت سگریٹ کے پیکٹ پر کم از کم 35 روپے جبکہ مہنگے سگریٹ کے پیکٹ پر 21 روپے اضافہ کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
سپارک نے ٹیکس کے یکساں نظام کی طرف بتدریج منتقلی پر بھی زور دیاتاکہ قیمتوں میں فرق کم ہو اور سگریٹ کی دستیابی محدود ہو سکے۔
ماہرین کے مطابق ان اقدامات سے نہ صرف حکومتی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ تقریباً 3لاکھ70 ہزار نوجوانوں کو سگریٹ نوشی شروع کرنے سے روکنے میں مددملے گی، اسی طرح 2 لاکھ 70ہزار افراد کے اس عادت کو ترک کرنے کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔
