عالمی مارکیٹ میں تیل سستا،عوام کے لیے پٹرول کب سستا ہوگا؟

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے، جہاں حالیہ دنوں میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدے کے عندیے کے بعد عالمی تیل منڈی میں نرمی دیکھی جا رہی ہے۔ اس پیش رفت نے سرمایہ کاروں کے خدشات کم کیے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق برینٹ کروڈ کی قیمت میں تقریباً 8 فیصد کمی ہوئی ہے، جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت 101 ڈالر تک آ گئی ہے۔ اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ کی قیمت میں 9.2 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 93 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مزید کمی آتی ہے تو عالمی سطح پر تیل کی سپلائی میں بہتری متوقع ہے، جس سے قیمتوں میں مزید کمی کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔ تاہم، صورتحال کا انحصار آنے والے دنوں میں ہونے والی سفارتی پیش رفت پر ہوگا۔
