دوسرا ون ڈے: پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے کیخلاف اپنی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کی ویمنز ٹیم کو 206 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیکر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں پاکستان ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں پر 343 رنز بنائے۔
پاکستان ویمنز کی اوپنر گل فیروزہ اور صدف شمس نے پہلی وکٹ پر 189 رنز بنائے۔ گل فیروزہ 100 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں ۔
صدف شمس نے بھی 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔وہ ویمنز ون ڈے میں مسلسل 4 اننگز میں ففٹی پلس اسکور کرنے والی پہلی پاکستانی بن گئیں۔
اس کے علاوہ صدرہ امین 59 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں ۔
جواب میں زمبابوے کی ویمنز ٹیم 344 رنز کے ہدف کے جواب میں 137رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پسی پنوڈیا 33 اور متنگ وندو 29 رنز بناکر نمایاں رہیں ۔
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثناء نے 3، عروب شاہ ،مومنہ ریاست اور رامین شمیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
206 رنز سے کامیابی، رنز کے اعتبار سے پاکستان ویمنز کی و ن ڈے کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمنز نے پہلے ون ڈے میں زمبابوے ویمنز ٹیم کو 168 سے شکست دی تھی۔

WhatsApp
Get Alert