جب قوم یکجا ہو جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کرسکتی، وزیر خارجہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے جب قوم یکجا ہو جاتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کرسکتی، معرکہ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا۔
معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے ویڈیو بیان میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا آج ہماری قومی تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب ہے، یہ محض کیلنڈرکی ایک تاریخ نہیں بلکہ جرات، اتحاد و غیرمتزلزل عزم کی داستان ہے، پاکستانی قوم کو متحد ہونے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتاہوں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا عوام، مسلح افواج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جب قوم یکجا ہو جاتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کرسکتی، معرکہ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا، فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنا حق دفاع استعمال کرتے ہوئے جارحیت کا متوازن اور فیصلہ کن جواب دیا، بھارتی جنگی طیاروں سمیت مختلف عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، پاکستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ وہ اپنی خودمختاری پرکبھی سمجھوتا نہیں کرےگا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا فعال سفارتکاری کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھر پور انداز میں پیش کیا، گزشتہ سال بھارت نے جارحیت مسلط کی، پاکستان نے ضبط وتحمل کا مظاہرہ کیا، کشمیر سمیت بنیادی تنازعات کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں، مسئلہ کشمیرکاحل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، قومی سلامتی کو لاحق ہرخطرےکا جواب پوری قوت سے دیا جائےگا، پاکستان معیشت، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں بھی مضبوط ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert