عام شہریوں کو 200 یونٹ تک بجلی کے استعمال پر سبسڈی نہیں ملے گی، نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

جنوری 2027ء سے سبسڈی صرف ان صارفین کو ملے گی جن کا نام بی آئی ایس پی کے ریکارڈ میں بطور مستحق درج ہوگا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت نے بجلی سبسڈی کا پرانا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے تحت عام شہریوں کو 200 یونٹ تک بجلی کے استعمال پر ملنے والی رعایت اب صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو ملے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان نے بجلی کی سبسڈی کے نظام میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے، اس نئے منصوبے کے تحت اب سبسڈی میٹر کی بجائے سماجی حیثیت کی بنیاد پر دی جائے گی، حکومتِ پاکستان نے آئی ایم ایف کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ آئندہ 8 ماہ میں بجلی سبسڈی کا موجودہ ڈھانچہ تبدیل کردیا جائے گا، جنوری 2027ء سے 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے تمام صارفین کو ملنے والی عمومی سبسڈی ختم کرکے اسے صرف ‘ٹارگٹڈ’ صارفین تک محدود کر دیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام میں کئی نقائص پائے گئے ہیں، کئی شہریوں نے ایک ہی گھر میں دو یا تین میٹر لگا رکھے ہیں تاکہ ہر میٹر پر کھپت 200 یونٹس سے کم دکھا کر سبسڈی حاصل کی جا سکے، اس طریقے سے وہ افراد بھی سبسڈی لے رہے ہیں جو معاشی طور پر مستحکم ہیں، اس لیے اب سبسڈی کا فیصلہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری کے ڈیٹا کی بنیاد پر ہوگا۔
بتایا گیا ہے کہ جنوری 2027ء سے سبسڈی صرف ان صارفین کو ملے گی جن کا نام بی آئی ایس پی کے ریکارڈ میں بطور مستحق درج ہوگا، اس نظام کو تیار کرنے میں عالمی بینک تعاون کر رہا ہے، جبکہ ایک بیرونی فرم اس پورے میکانزم کی شفافیت کی نگرانی کرے گی، علاوہ ازیں حکومت نے صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ‘ای آبیانہ’ سسٹم کو بھی وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ پنجاب کے کامیاب ماڈل کے بعد اب اسے سندھ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان تک پھیلایا جائے گا، آبپاشی کے پانی کے نرخوں کو مشینری کی دیکھ بھال اور آپریشنل اخراجات کے مطابق ریگولیٹ کیا جائے گا، سرکاری ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان ‘ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی’ کے تحت 20 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط حاصل کرنے کے قریب ہے، اس حوالے سے آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 8 مئی 2026ء کو واشنگٹن میں اجلاس کرے گا جس میں اس رقم کی منظوری متوقع ہے۔

WhatsApp
Get Alert