بھارت کا دہشتگردی کا ڈرامہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو گیا، اس کو اب کوئی نہیں مانتا، ترجمان پاک فوج

ہندوستان نے بہت محنت کی کہ دنیا کو یہ باور کراسکے کہ پاکستان دہشتگردی کے پیچھے ہے لیکن معرکہ حق میں شکست کے بعد یہ تمام دعوے زمین بوس ہو گئے؛ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی پریس کانفرنس


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کا دہشتگردی کا ڈرامہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو گیا، اس کو اب کوئی نہیں مانتا، بھارت نے اپنے آپریشن کا نام سندور رکھا، پتہ نہیں کون سے سندور کی بات کر رہے ہیں، یہ سندور سے نکلتے ہی نہیں، کوئی مردانہ نام رکھ لیتے۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر افواج پاکستان کی طرف سے آپ کو مبارک باد دیتا ہوں، معرکہ حق میں جو ہوا وہ ہندوستان کا بچہ بچہ بھی جانتا ہے، ہندوستان نے اس بات پر بہت محنت کی کہ دنیا کو یہ باور کراسکے کہ پاکستان دہشتگردی کے پیچھے ہے لیکن معرکہ حق میں شکست کے بعد یہ تمام دعوے زمین بوس ہو گئے، اس کے بعد دنیا کو پتہ چلا کہ بھارت صرف الزام لگا سکتا ہے، بھارت کا دہشتگردی کا ڈرامہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو گیا ہے، اس کو اب کوئی نہیں مانتا، کیوں کہ تم خود سب سے بڑے دہشتگرد ہو۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کہتے ہیں کہ ایک سال گزرگیا، ہمارے سوالات ابھی تک جواب طلب ہیں، لیکن اس ایک سال میں دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا ہے، بھارت کو ہر محاذ پر شکست ہوئی، افواج پاکستان قوم کی امنگوں پر پورا اتری ہے، اللہ کا لکھ لاکھ شکر ہے جس نے پاکستان کو عزت بخشی، معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم کا پاک افواج، خصوصا پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا، معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے اپنی جنگی تیاروں کو دُنیا بھر میں ثابت کیا، پاک افواج خطے کی بدلتی جیو پولیٹیکل صورتحال سے باخبر ہیں، پاک فوج جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مسلسل سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
مسلح افواج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت خود سب سے بڑا دہشتگرد ہے اور پہلگام واقعے کو ایک سال گزرنے کے باوجود آج تک کوئی قابلِ قبول ثبوت پیش نہیں کر سکا، پاکستان نے ابتدا سے ہی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، مگر بھارت نے الزامات اور پروپیگنڈے کا راستہ اختیار کیا، بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے اور دہشتگردی کو فروغ دینے میں ملوث ہے، اس وقت خطے میں اسحکام کا کوئی سفیر ہے تو وہ پاکستان اور پاکستان کی قیادت ہے، کیوں کہ ہمارے بانی کا ویژن امن تھا، معرکہ حق میں پاکستان نے جنگ میں ذمہ داری کے ساتھ خطے کا امن برقرار رکھا۔

WhatsApp
Get Alert