ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد

ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر واردات کرنے کا اعتراف کر لیا


کراچی(قدرت روزنامہ)ایس آئی یو پولیس نے پیر آباد تھانے کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتارکرکے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر سمیع اللہ سومروکے مطابق8 مارچ کو گلشن معمار کےعلاقے ناردرن بائی پاس کے قریب 3 مسلح ملزمان نے 26 سالہ میاں بخشی ولد محمد حیات کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا اور مقتول سے موبائل فون و نقدی 20 ہزار روپے چھین کر فرار ہو گئے تھے۔
واقعے کا مقدمہ نمبر 132/26 بجرم دفعہ 394/397/302/34 گلشن معمار تھانے میں درج کیا گیا تھا اور تفتیش ایس ائی یسی ائی اے کے حوالے کی گئی تھی۔
ایس آئی یو کی ٹیم نے ٹیکنیکی ذرائع اور ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث ملزم جاوید چنہ ولد خادم حسین کو پیر آباد تھانے کے علاقے سے گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول برآمد کر لیا گیا ہے۔
ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر واردات کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم کے دوسرے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور سابقہ مجرمانہ ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert