موبائل فون پر ٹیکس سےمتعلق بڑی خبر سامنے آگئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ موبائل فون پر ٹیکس ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حالات کے پیش نظر نہ چاہتے ہوئے بھی بہت سے اقدامات اٹھانے پڑتے ہیں، موبائل فون پر پی ٹی اے ٹیکس ختم کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آنے والے موبائل فون چند ہفتوں کے بعد خود بخود بلاک ہو جاتے ہیں جبکہ باہر سے آنے والے فون نیٹ ورک میں رجسٹرڈ نہ ہونے کی صورت میں بلاک ہو جاتے ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی درآمدی مالیت میں نمایاں اضافہ کیا تھا۔
ایف بی آر کی جانب سے نئی ویلیوایشن رولنگ جاری کرتے ہوئے پرانی رولنگ کو فوری طور پر ختم کر دیا گیا جس کے بعد کمرشل بنیادوں پر درآمد شدہ استعمال شدہ فون مہنگے ہو جائیں گے۔
ایف بی آر نے موبائل فون کے 62 مختلف ماڈلز کے لیے نئی کسٹم ویلیوز مقرر کر دی ہیں۔ نئی رولنگ میں سب سے زیادہ اضافہ گوگل پکسل فونز کی قیمت میں دیکھا گیا ہے۔ گوگل پکسل 5، 6 اور 6 اے (6A) ماڈلز کی قدر میں 161 سے 194 فیصد کا غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس اضافے کے بعد ان ماڈلز کی درآمدی قیمت اور پی ٹی اے ٹیکسز میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا جس کا براہ راست بوجھ صارفین پر پڑے گا۔
