پابندیوں کا دوبارہ نفاذ ؛ مسجد حرام و مسجد نبوی میں سماجی فاصلے کے اسٹیکر پھر لگ گئے

مکہ مکرمہ (قدرت روزنامہ) عالمی وباء کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کے بعد حرمین شریفین میں سماجی دوری کے اسٹیکر پھر لگا دیے گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق حرمین کے امور کی اعلی انتظامیہ نے مسجد حرام اور مسجد نبوی میں نمازیوں کے درمیان جسمانی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے سماجی دوری کی نشانیاں پھر سے لگا دی ہیں ، یہ اُن احتیاطی اقدامات کا حصہ ہے جن کا مقصد نمازیوں کے درمیان فاصلے کو لاگو کرنا ہے ، جس کی وجہ سے نمازوں کے مصلوں کو بھی تقسیم کر دیا گیا ہے ، یہ پیشرفت مملکت میں کرونا وائرس اور اس کی مختلف قسموں کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے بعد دیکھنے میں آئی۔
بتایا گیا ہے کہ سماجی فاصلے کے دوران سینی ٹائزیشن کا عمل بڑھا دیا گیا ہے، مسجد حرام اور مسجد نبوی میں مختلف حکومتی اداروں ، سکیورٹی اور صحت کے سینکٹروں کے ساتھ فعال شراکت داری کے ساتھ رابطہ کاری سے کام کر رہی ہے، اس کا مقصد ہنگامی صورت حال میں اعلیٰ ترین معیارات اور تیزی کے ساتھ نبرد آزما ہونا ہے۔

حرمین کی اعلی انتظامیہ نے تمام لوگوں پر زور دیا ہے کہ معتمرین اور نمازی سب کی سلامتی کی خاطر بھیڑ اور ہجوم کے مقامات سے گریز کریں ، احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں ، ان میں سماجی فاصلہ اور ماسک لگانا بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ خطے میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے باعث سعودی عرب نے مملکت میں نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے ، 30 دسمبر بروز جمعرات صبح 7:00 بجے سے تمام اندرونی اور بیرونی تقریبات اور سرگرمیوں میں ماسک پہننا اور سماجی دوری کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ایک سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملک کے محکمہ صحت کے حکام نے یہ فیصلہ کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے اور وائرس کے لیے نئے تغیرات کے رونما ہونے کی وجہ سے کیا ہے ، تمام طریقہ کار اور حفاظتی اقدامات مقامی و عالمی صورتحال کی بنیاد پر مسلسل جانچ کے تابع ہیں، موجودہ صورتحال میں سعودی عرب میں مقیم لوگوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ نئے پروٹو کول پر عمل کریں تاکہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے پر قانونی سزاؤں کا سامنا نہ کریں۔