ٹیوشن ٹیچر کے بہانے گھروں کا جائزہ، کوئٹہ میں نوسرباز خواتین کا گروہ سرگرم، شہری


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں نوسرباز خواتین کا ایک گروہ سرگرم ہو گیا ہے جس نے شہریوں، بالخصوص خواتین میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ خواتین ٹیوشن ٹیچر کی تلاش یا معلومات کے بہانے گھروں کے دروازے کھٹکھٹاتی ہیں اور “یہاں کوئی باجی ہے جو ٹیوشن پڑھاتی ہو؟” کہہ کر گھر کے اندرونی حالات کا جائزہ لیتی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ گروہ گھروں میں داخل ہونے کے بعد مقیم خواتین کو تشدد کا نشانہ بنا کر لوٹ مار کی وارداتیں انجام دے رہا ہے۔مبینہ طور پر اس گروہ کی سرگرمیاں سرکی روڈ، فقیر محمد روڈ، نیو فقیر محمد روڈ اور جان محمد روڈ سمیت ملحقہ گنجان آباد علاقوں میں رپورٹ ہوئی ہیں۔
ان وارداتوں کی خبریں عام ہونے کے بعد شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے اور لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک دوسرے کو خبردار کرنا شروع کر دیا ہے۔ کوئٹہ کے مکینوں نے پولیس کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان نوسرباز خواتین کے خلاف فوری اور موثر کارروائی عمل میں لائی جائے اور گشت کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہری اس ذہنی اذیت اور مالی نقصان سے بچ سکیں۔

WhatsApp
Get Alert