بلوچستان بورڈ میٹرک نتائج 2026 جاری، لورالائی کے احمد نے بلوچستان بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی
، دوسری پوزیشن ژوب مطیع اللہ جبکہ بی آر سی لورلائی کے یونس خان اور مدثر خان نے مشترکہ طور پر تیسری پورزیشن حاصل کی ‘ 77.56 فیصد طلبا کامیاب

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔ نتائج کے مطابق لورالائی سے تعلق رکھنے والے طالب علم احمد نے 1051 نمبر حاصل کر کے صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
اسی طرح ژوب کے مطیع اللہ 1050 نمبروں کے ساتھ دوسرے جبکہ بی آر سی لورالائی کے یونس خان اور محمد مدثر 1046 نمبر لے کر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن کے حقدار قرار پائے۔بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نویں جماعت کے امتحانات میں کل 68 ہزار 570 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 50 ہزار 400 کامیاب رہے۔
یوں کامیابی کا تناسب 77.56 فیصد رہا۔ دسویں جماعت میں 77 ہزار 251 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 59 ہزار 002 طلبہ کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 79.32 فیصد رہا۔ بورڈ حکام نے کامیاب ہونے والے تمام طلبہ اور بالخصوص پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
