معرکہ حق ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والوں کی ناکامی کا ثبوت ہے، حاجی ولی محمد نورزئی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے ‘مارکہ حق’ کے جشن کے موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں پاک فوج اور عسکری قیادت کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن حق اور سچ کی فتح کا دن ہے اور پوری قوم اس تاریخی کامیابی پر جشن منا رہی ہے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دلیرانہ اور بصیرت افروز قیادت نے ملک و قوم کو ایک نئی سمت عطا کی ہے۔حاجی ولی محمد نورزئی نے مزید کہا کہ جنرل سید عاصم منیر نے جس جرات اور استقامت کے ساتھ ملک دشمن عناصر اور اندرونی و بیرونی سازشوں کا مقابلہ کیا ہے، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ دفاعِ وطن کے لیے مسلح افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ‘مارکہ حق’ اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے ہمیشہ ناکام و نامراد ہوں گے۔ پارلیمانی سیکرٹری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک میں امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے عسکری و سیاسی قیادت کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
