سعودی عرب میں عازمین حج کے لیے ڈیجیٹل سہولتوں میں اضافہ


رىاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب نے اپنی قومی ڈیجیٹل ایپ ’توکلنا‘ کے ذریعے حج کے انتظامی نظام کو مزید جدید اور آسان بنانے کے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس اقدام کے تحت مکہ روٹ انیشی ایٹو کے مستفید ہونے والے عازمین حج اب اپنے ممالک سے روانگی سے پہلے ہی اپنے حج اجازت نامے اور سفری دستاویزات الیکٹرانک طور پر دیکھ سکیں گے۔
یہ نظام سعودی ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت اتھارٹی کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد حج کے سفر کو زیادہ تیز، مربوط اور محفوظ بنانا ہے۔ اس ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مختلف سرکاری ادارے ایک مرکزی پلیٹ فارم پر منسلک ہیں، جس سے مسافروں کی ذاتی اور بایومیٹرک معلومات کی تصدیق کے عمل میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔
عازمین حج ’توکلنا‘ ایپ کے ذریعے سفر کے آغاز سے ہی اپنے اجازت نامے اور دیگر ضروری دستاویزات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، جس سے مکہ مکرمہ پہنچنے تک کا پورا سفر زیادہ منظم ہو جاتا ہے۔
مکہ روٹ انیشی ایٹو کے تحت بعض ممالک کے عازمین اپنے ملک کے ہوائی اڈوں پر ہی امیگریشن، کسٹمز اور صحت سے متعلق کئی مراحل مکمل کر لیتے ہیں۔
توکلنا‘ ایپ اس وقت سعودی عرب کی بڑی ڈیجیٹل خدمات میں شامل ہے، جس کے کروڑوں صارفین ہیں اور یہ سینکڑوں سرکاری و نجی اداروں کی خدمات فراہم کرتی ہے۔
سعودی حکام کے مطابق یہ نظام ملک میں ڈیجیٹل ترقی، عوامی سہولت اور حج و عمرہ زائرین کے سفر کو آسان بنانے کے وسیع وژن کا حصہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert