سالگرہ معرکہ حق: مظفرآباد میں جشن آزادی پاکستان ریلی کا انعقاد، وطن عزیز و پاک فوج زندہ باد کے نعروں کی گونج

مظفرآباد(قدرت روزنامہ)معرکہ حق بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر آزاد کشمیر بھر میں جشن فتح پاکستان کی تقریبات 8ویں روز بھی بھرپور قومی جذبے اور ملی یکجہتی کے ساتھ جاری رہیں۔
دارالحکومت مظفرآباد میں نماز جمعہ کے بعد سینٹرل پریس کلب کے باہر آزادی چوک میں چیف آف ڈیفنس فورسز لورز فورم کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان ریلی نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت ترجمان حکومت و پیپلز پارٹی کے امیدوار اسمبلی حلقہ 07 شوکت جاوید میر، سجادہ نشین منظور احمد کاشف، معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی محمد اقبال، نوجوان رہنما ظاہر لطیف سلہریا، نثار چوہدری، مقدس اقبال پرنس اور دیگر نے کی۔
ریلی کے شرکا ہاتھوں میں بینرز، پینا فلیکس اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر افواج پاکستان، شہدائے پاکستان اور شہدائے کشمیر کے حق میں نعرے اور بھارتی جارحیت کے خلاف تحریریں درج تھیں۔
ریلی میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ نوجوانوں نے پاکستان اور افواج پاکستان کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی اور فضا ’پاکستان زندہ باد‘، ’افواج پاکستان زندہ باد‘ اور ’بھارتیو غاصبو چھوڑ دو کشمیر‘ کے فلک شگاف نعروں سے فضا گونج اٹھی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شوکت جاوید میر نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور بدامنی کے خاتمے کے لیے آپریشن راہ نجات، ضرب عضب، ردالفساد اور ضرب للحق جیسے کامیاب آپریشنز کے ذریعے دنیا میں اپنا وقار بلند کیا۔
انہوں نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا گیا اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔
انہوں نے 10 مئی کو لائن آف کنٹرول وادی لیپہ میں ہونے والی جشن فتح پاکستان ریلی میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
دیگر مقررین ظاہر لطیف سلہریا، حاجی محمد اقبال، نثار چوہدری، مقدس اقبال پرنس اور راجہ محفوظ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن، استحکام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاکستان اور افواج پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔
ریلی کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور افواج پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شہدائے پاکستان، شہدائے کشمیر اور شہدائے جمہوریت کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
