پنجاب آئی ٹی بورڈ نے نکاح رجسٹریشن کا عمل آسان بنا دیا

لاہور (قدرت روزنامہ) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) نے شہریوں کیلئے نکاح رجسٹریشن اور میرج سرٹیفکیٹ کے حصول کا عمل مزید آسان بنا دیا ہے۔
اب پنجاب کے مختلف شہروں میں قائم 15 ای خدمت مراکز پر نکاح رجسٹریشن اور میرج سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو طویل انتظار، پیچیدہ طریقہ کار اور غیر ضروری مشکلات سے بچانا ہے۔
حکام کے مطابق شہری اب آسان اور محفوظ طریقے سے اپنی شادی رجسٹر کرا سکتے ہیں۔ ای خدمت مراکز میں میرج سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ لوگ کم وقت میں اپنے دستاویزات مکمل کر سکیں۔ مراکز صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے جہاں متعلقہ عملہ شہریوں کی رہنمائی بھی کرے گا۔
مزید معلومات اور رہنمائی کیلئے شہری ای خدمت پنجاب کی ویب سائٹ سے رجوع کر سکتے ہیں جبکہ ہیلپ لائن 1317 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آن لائن معلومات کی فراہمی کا مقصد شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے بچانا ہے۔
دوسری جانب نادرا نے بھی یونین کونسل کے ذریعے میرج سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقہ کار واضح کر رکھا ہے۔ ہر شادی شدہ جوڑے کیلئے اپنی شادی یونین کونسل میں رجسٹر کروانا لازمی ہے۔ رجسٹریشن کیلئے نکاح نامے کی کاپی، دلہا اور دلہن کے شناختی کارڈز، والدین کے شناختی کارڈز اور گواہوں کے شناختی کارڈز درکار ہوتے ہیں۔
حکام کے مطابق دلہا یا دلہن میں سے کوئی ایک یونین کونسل جا کر رجسٹریشن کا عمل مکمل کر سکتا ہے۔ عملہ پہلے تمام دستاویزات کی تصدیق کرتا ہے، جس کے بعد نکاح کا اندراج کمپیوٹرائزڈ سسٹم میں کیا جاتا ہے۔ بعد ازاں درخواست گزار کو تصدیق کیلئے پرنٹ آؤٹ دیا جاتا ہے تاکہ تمام معلومات دوبارہ چیک کی جا سکیں۔ تفصیلات درست ہونے پر دستخط کے بعد میرج سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جاتا ہے۔
