نوشکی ‘ مسلح افراد کی اسکول میں فائرنگ ‘ ٹیچر اور یوتھ گروپ ممبرقتل


نوشکی (ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے اسکول کے اندر گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک ٹیچر اور یوتھ گروپ کا رکن جاں بحق ہو گئے۔ پولیس اور اسکول ذرائع کے مطابق واقعہ جمعہ کے روز اس وقت پیش آیا جب اسکول کی لائبریری میں پی ٹی ایس ایم سی (PTSMC) کے زیرِ اہتمام ایک تربیتی ورکشاپ جاری تھی۔ مسلح افراد نے اسکول میں داخل ہو کر فائرنگ کی، جس سے یوتھ گروپ کے رکن حق نواز موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ اسکول ٹیچر محمد اکرم شدید زخمی ہوئے۔واقعے کے فوری بعد دونوں افراد کو میر گل خان نصیر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم زخمی ٹیچر محمد اکرم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ اسکول جیسے مقدس تعلیمی ادارے میں فائرنگ کے اس المناک واقعے سے طلبہ اور اساتذہ میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم اب تک قتل کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ اس واقعے کی تعلیمی اور سماجی حلقوں کی جانب سے سخت الفاظ میں مذمت کی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert