پشین ‘ نانا صاحب کے قریب خستہ سڑک اور حفاظتی دیوار نہ کیوجہ سے رکشہ کھائی میں جا گرا، 5 افراد جاں بحق


پشین(ڈیلی قدرت کوئٹہ)ضلع پشین کے علاقے نانا صاحب کے قریب ایک انتہائی افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق، مقامی مسافروں سے بھرا ہوا ایک رکشہ پہاڑی راستے پر سفر کے دوران اچانک بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گرا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ رکشے میں سوار پانچوں افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری، بریک فیل ہونے یا سڑک کی خراب صورتحال کے باعث پیش آیا، تاہم انتظامیہ اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور لاشوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال میں شناخت اور قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے، جبکہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کی آمد کے بعد وہاں رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔مقامی شہریوں نے اس پہاڑی مقام پر حفاظتی دیواروں کی عدم موجودگی اور سڑکوں کی خستہ حالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک موڑ پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جس مقام پر حادثہ پیش آیا وہ انتہائی خطرناک موڑ ہے اور وہاں ماضی میں بھی حادثات ہو چکے ہیں، واقعے کی مکمل رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert