پہلی بار کمزور طبقے کی ذمہ داری ریاست نے لی ہے،وزیر اعظم

(قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پہلی بار کمزور طبقے کی ذمہ داری ریاست نے لی، مارچ تک پنجاب میں تمام گھرانوں کو ہیلتھ کارڈ مل چکا ہوگا، چاہتے ہیں کہ دور دراز کے رہائشی ہر شخص کو علاج کی سہولت میسر آئے۔

گورنر ہاؤس لاہور میں ہیلتھ کارڈ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فلاحی ریاست کا ماڈل آج مسلمان ممالک میں نہیں، یورپ میں نظر آتا ہے، پاکستان کو عظیم راستے پر گامزن کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نے عوام کے لئے کاروبار کی غرض سے 5 لاکھ اور گھر کی تعمیر کے لئے بلاسود 27لاکھ قرض دینے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بارکمزور طبقے کی ذمہ داری ریاست نے لی ہے، اس راستے پر آنا ہے جو قوم کی عظمت کا راستہ ہے، آج پنجاب میں ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت ملے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ صحت کارڈ جیسے انقلابی فیصلے ہر کوئی نہیں کرسکتا، ہیلتھ کارڈ پر 10 لاکھ روپے تک کا علاج کسی بھی اسپتال سے کرایا جاسکتا ہے، آج پنجاب میں ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت ملے گی ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلاحی ریاست وہ ہوتی ہے جہاں سب کو ترقی اور خوشحالی کا موقع ملے، پہلی بار مدینہ کی ریاست میں کمزور طبقے کی ذمہ داری ریاست نے لی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس راستے پر آنا ہے جو قوم کی عظمت کا راستہ ہے، ریاست مدینہ کے سامنے ایشین ٹائیگر تو کوئی چیز ہی نہیں، اسوۂ حسنہ پر چلنے کا حکم ہماری بہتری کیلئے دیا گیا ہے ۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اب حکومت اسپتال بنانے کے لیے پیسہ نہیں لگائے گی لوگ خود آکر اسپتال بنائیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ دور دراز کے رہائشی ہر شخص کو علاج کی سہولت میسر آئے ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مارچ تک پنجاب میں تمام گھرانوں کو ہیلتھ کارڈ مل چکا ہوگا۔