پاکستان میں تیل وگیس کے کتنے سال کے ذخائر موجود ہیں؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی کی حالیہ عرصے کے دوران مقامی سطح پر تیل کی پیداوار 32 ہزار بیرل یومیہ سے بڑھ کر 41 ہزار بیرل ہو گئی۔
او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی احمد حیات لک نے انکشاف کیا کہ او جی ڈی سی ایل ملک کے اندر تیل کی پیداوار کو 43 ہزار بیرل سے زائد یومیہ تک لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
احمد حیات لک کے مطابق مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی سے قبل او جی ڈی سی ایل کی ملک بھرسے تیل کی پیداوار ساڑھے 32 ہزار بیرل تھی، ملکی سطح پر تیل اور گیس کی اضافی پیداوار کی کوششوں کے باعث تیل کی پیداوار بڑھ کر 41 ہزار بیرل یومیہ ہو گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت اوجی ڈی سی کے پاس ملک کے اندر 17سال تک کے لیے تیل اور گیس کے وافر ذخائر ہوگئے ہیں جو اس سے قبل سال 2022-23 میں 12سال کی سطح پر تھے۔
ملک بھر میں تیل اور گیس کےذخائر میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت ہو رہے ہیں۔
گزشتہ ماہ کوہاٹ میں براگزئی کے مقام پر ایکس ون کنویں سے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی تیل و گیس کی دریافت ہوئی جو پاکستان کی مجموعی خام تیل کی کل پیداوار کا 10فیصد ہے۔
