ڈی جی کے ڈی اے کو رہا کرنے کا حکم
کراچی (قدرت روزنامہ)عدالت نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل آصف میمن کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں گرفتار ڈی جی کے ڈی اے آصف علی میمن کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے کیس سماعت ہوئی، عدالت نے گرفتار ملزم آصف میمن کے خلاف کیس ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کردیا۔عدالت نے آصف میمن کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے دوسرے ملزم عاطف کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ الحمد للّٰہ آج اس کیس سے بری ہوگیا ہوں۔
صحافی نے سوال کیا کہ آپ کیخلاف انتقامی کارروائی ہے یا پھر سسٹم کا حصہ نہ ہونےکی وجہ سے یہ ہوا، جس پر ڈی جی کے ڈی اے نے سوال پر خاموش رہنے کا اشارہ کر دیا۔واضح رہے کہ ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) آصف علی میمن سمیت 3 افسران کو اینٹی کرپشن نے زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر گرفتار کر کے مقدمہ درج کیاتھا۔