شہباز شریف نے منی بجٹ کو غریب اور متوسط طبقے کے خلاف اعلان جنگ قرار دے دیا
لاہور(قدرت روزنامہ)شہباز شریف نے منی بجٹ کو غریب اور متوسط طبقے کے خلاف اعلان جنگ قرار دے دیا۔ منی بل اس بات کا ثبوت ہے کہ بجٹ 22-2021 جھوٹ کا پلندہ تھا، اس حقیقت کا میں نے تب سے بارہا ذکر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت کی جانب سے پیش کردہ منی بل کو غریب اور متوسط طبقے کے خلاف حکومت کا اعلان جنگ قرار دے دیا ہے۔
عوامی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر جاری اپنے پیغام میں اپوزیشن لیڈر نے لکھا کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا منی بجٹ غریب اور متوسط طبقے کے خلاف اعلان جنگ ہے جو مہنگائی کے سونامی سے بری طرح متاثر ہوں گے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ بل اس بات کا ثبوت ہے کہ بجٹ 22-2021 جھوٹ کا پلندہ تھا، اور اس حقیقت کا میں نے تب سے بارہا ذکر کیا ہے۔
اس سے قبل اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ منی بجٹ سے معاشی گاڑی کا انجن سیز کردیا ہے، بے روزگاری اورمہنگائی کے ذمہ دار عمران نیازی اینڈ کمپنی ہوں گے، یہ کرپٹ کمپنی تو پہلے ہی نہیں چل رہی تھی، اب دیوالیہ پن کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ’’سستے ترین‘‘ جبکہ عوام ’’مہنگے ترین‘‘ پاکستان میں رہتے ہیں۔
قوم اور پاکستان کو بند گلی میں پہنچا کر2022ء میں پی ٹی آئی نئے یوٹرن لے گی، قوم دھیان رکھے ،پی ٹی آئی کی روایت رہی ہے کہ ہر نئے سال پر ایک نئی مہنگائی کا طوفان قوم پر مسلط کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2021ء کے آغاز پر عمران نیازی نے اسے ترقی کا سال کہا تھا لیکن یہ بھی تباہی کا سال ثابت ہوا ،یہ بھی کہا تھا کہ ’’2021 میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا‘‘ اور بچوں سے دودھ بھی چھین لیا ۔
انہوں نے کہا کہ منی بجٹ کے جو زہریلے بیج 2021 میں بوئے گئے ہیں، ان کا زہریلا پھل 2022 میں قوم کو ملے گا سٹیٹ بینک کی نام نہاد خودمختاری بھی ایک کروڑ نوکری، پچاس لاکھ گھر جیسا ایک اور فریب ہے ،افسوس ہے کہ 2021 میں عوام کو شدید مسائل و مشکلات، بجلی گیس، مہنگائی کے عذاب جھیلنا پڑے ۔ انہوں نے کہاکہ دکھ ہے کہ 2021 میں معاشی تباہی، بے روزگاری اور ڈالر کی قیمتوں میں اضافے کی بم باری جاری رہی،موجودہ حکومت قوم کے لئے سبق ہے کہ یہ تجربہ انہیں کتنا مہنگا پڑا ہے۔