علاقائی صورت حال کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے، صدر مملکت کی وزیراعظم کو ہدایت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدر مملکت آصف زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی صورت حال کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیرِداخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِقانون اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، افغانستان سے متعلق امور اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں معرکہ حق کے شہدا اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین، قومی دفاع پر غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔
صدرِ مملکت نے کہاکہ مشکل جغرافیائی و علاقائی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور سپلائی چین متاثر ہونے کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
صدرِ مملکت نے مہنگائی کے دباؤ میں کمی، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے ممکنہ اقدامات کی ہدایت کی۔

WhatsApp
Get Alert