سعودیہ ؛ جعلی سرکاری دستاویزات بنا کر ہیر پھیر میں ملوث 8 پاکستانی گرفتار

ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں جعلی سرکاری دستاویزات بنا کر ہیر پھیر میں ملوث 8 پاکستانی پکڑے گئے۔ سعودیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض پولیس نے 8 افراد پر مشتمل ایک ایسے گروہ کو گرفتار کیا ہے جو کہ جعلی سرکاری دستاویزات تیار کرتے تھے ان ملزمان کا تعلق پاکستان سے ہے ، جن کے بارے میں پولیس معلومات ملی تھیں کہ ریاض شہر میں نامعلوم افراد پر مشتمل ایک ایسا گروہ سرگرم ہے جو جعلی دستاویزات تیار کرکے انہیں فروخت کرتا ہے ، ملزمان کے بارے میں مکمل تفصیلات حاصل ہونے کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان ریاض پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان کی رہائش سعودی دارالحکومت ریاض میں تھی جہاں انہوں نے غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے اپنے 2 ٹھکانے بنائے ہوئے تھے ، ان مقامات پر چھاپوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے جعلی سرکاری شناختی دستاویزات تیار کرنے والے آلات ، پرنٹر اور دیگر اشیاء کے ساتھ رقم بھی برآمد کی گئی ، پولیس نے ملزمان کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا ، جہاں تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ان کا مقدمہ فوجداری عدالت کو بھیج دیا جائے گا۔

ادھر سعودی عرب میں دکانوں میں چوری کے الزام میں 3 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزمان تجارتی اسٹورز میں داخل ہونے کے بعد سامان منگوا کر اس کی قیمت ادا کرنے سے پہلے وہ اسے چوری کرکے سائٹ سے فرار ہو گئے ، مکہ المکرمہ میں سیکیورٹی حکام نے تین پاکستانی باشندوں کو گرفتار کیا، جنہوں نے ایک اختراعی چال سے دکانوں میں چوری کی۔ مکہ المکرمہ پولیس کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ علاقے کے سیکیورٹی حکام نے پاکستانی شہریت کے 3 باشندوں کو گرفتار کیا ، جو تجارتی اسٹورز میں داخل ہو کر سامان منگوا کر اس کی قیمت ادا کرنے سے پہلے وہ اسے چوری کر کے سائٹ سے فرار ہو گئے ، شکایت ملنے پر پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا جس کے بعد ان کے خلاف ابتدائی قانونی اقدامات کیے گئے اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔