سعودی عرب ؛ ماسک نہ پہننے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانے کی وارننگ
ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث نافذ کی گئی پابندیوں کے دوران ماسک نہ پہننے پر ایک لاکھ ریال تک جرمانے کی وارننگ جاری کردی گئی۔ اردو نیوز نے اخبار 24 کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی پابندی نہ کرتے ہوئے ماسک نہ پہننے اور ناک اور منہ کو نہ ڈھانپنے کی صورت میں ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہوگا- اس ضمن میں وزارت داخلہ سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ماسک نہ پہننے پر ویسے تو بنیادی جرمانہ ایک ہزار ریال ہے لیکن اس خلاف ورزی میں باربار ملوث ہونے والے افراد پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے، کیوں کہ ماسک نہ پہننے والا انسان صرف اپنے لیے ہی نہیں بلکہ دوسروں کی جان کے لیے بھی خطرے کا باعث بنتا ہے جب کہ ماسک پہننے سے نا صرف انسان خود کورونا وائرس سے محفوظ ہوجاتا ہے بلکہ اس سے دوسرے افراد بھی محفوظ رہتے ہیں کیوں کہ ماسک پہننے سے عکورونا وباء کو پھیلنے سے روکنے اور دوسروں کو وائرس لگنے سے بچانے میں مدد ملتی ہے۔
خیال رہے کہ خطے میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے باعث سعودی عرب نے مملکت میں نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے ، 30 دسمبر بروز جمعرات صبح 7:00 بجے سے تمام اندرونی اور بیرونی تقریبات اور سرگرمیوں میں ماسک پہننا اور سماجی دوری کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ایک سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملک کے محکمہ صحت کے حکام نے یہ فیصلہ کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے اور وائرس کے لیے نئے تغیرات کے رونما ہونے کی وجہ سے کیا ہے ، تمام طریقہ کار اور حفاظتی اقدامات مقامی و عالمی صورتحال کی بنیاد پر مسلسل جانچ کے تابع ہیں، موجودہ صورتحال میں سعودی عرب میں مقیم لوگوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ نئے پروٹو کول پر عمل کریں تاکہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے پر قانونی سزاؤں کا سامنا نہ کریں۔