خوشی ہے فنانس بل منظور ہونے سے ڈالر کی قدر کم ہونا شروع ہوگئی ہے، فواد چودھری

لاہور (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ فنانس بل منظور ہونے سے ڈالر کی قدر کم ہونا شروع ہوگئی، اگلے تین مہینوں میں مہنگائی بھی کم ہونے میں مدد ملے گی، اگست ستمبر تک پاکستان کی معاشی حالت بہت بہتر ہوجائے گی،ہماری سیاست، معیشت اور دفاع مستحکم ہے۔ انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پھر عوام سے اپنے وعدوں کو پورا کرنے کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کو ریاست مدینہ کے اصولوں کے مطابق چلائیں گے۔
ایسی ریاست جس میں قانون کا احترام ہوگا، غریب اور امیر میں فرق نہیں ہوگا، ماضی میں جو طرز حکمرانی تھا وہ ختم ہوچکا ہے، کل بھی عوام نے دیکھا کہ اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت مایوس ہوکر اسمبلی میں آئی ہی نہیں، کیوں کہ ان کا خیال تھاکہ اپوزیشن بھرپور مخالفت کرے گی۔
اپوزیشن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 29 لوگ رابطے میں ہیں لیکن پتا چلا کہ ساری اپوزیشن پی ٹی آئی سے رابطے میں تھی۔

کس طرح یہ سب بکھر گئے ہیں، خواجہ آصف جب وزیرخارجہ تھے تو اقامے کے اوپر دبئی کی کمپنی سے تنخواہ لے رہا تھا وہ بتا رہا ہے کہ کس طرح ملکی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ خوشی ہے کہ ہم نے دیکھا کہ کل فنانس بل منظور ہونے کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ ہوگیا ہے اگلے تین مہینوں میں مہنگائی کم ہونے میں مدد ملے گی، ہماری اپنی چیزیں سستی ہورہی ہیں، باقی چیزیں بھی سستی ہوجائیں گی، اپوزیشن کے پاس سیاست نہیں ہے، پہلے کہتے تھے کہ نوازشریف خود واپس آئیں گے اب ہم نے قدم بڑھائے وہ پھر واپس چلے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک سوشل پروٹیکشن پروگرام لے کر آئیں گے اگست ستمبر تک پاکستان کی معاشی حالت بہت بہتر ہوجائے گی، پاکستان تمام مشکلات سے نکل جائے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ کورونا جیسی وباء 100سال میں ایک بار آتی ہے لیکن پاکستان نے شکست دے دی ہے۔ سعودی عرب ، برطانیہ ، امریکا پھر سے پابندیاں لگا رہا ہے، لیکن پاکستان واحد ملک ہے جس کی معیشت 5فیصد پر بڑھ رہی ہے، ہماری سیاست، معیشت اور دفاع مستحکم ہے۔