اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے اگلے ہفتے سے 2022ء کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کر دی . محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 2 جنوری کی شام سے ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں داخل ہو گا،2 سے 6 جنوری 2022ء کے دوران کراچی، کوئٹہ، زیارت، پشین، بارکھان اور راجن پورمیں تیز ہوا کے ساتھ بارش کا امکان ہے .
3 سے 7 جنوری کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر، گلگت، سوات، مانسہرہ، پشاور، اٹک، لاہور اور جہلم میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے . اس دوران مری، کوئٹہ،
زیارت، پشین، گلیات، ناران، کاغان، ہنزہ، سوات اور مالم جبہ میں شدید برف باری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے . محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گندم کی فصل کے لیے موسمِ سرما کی یہ ہونے والی بارشیں فائدہ مند ثابت ہوں گی . محکمہ موسمیات نے 3 سے 5 جنوری کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے . محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 4 سے 6 جنوری کے دوران شدید برف باری سے پہاڑی علاقوں میں راستے بند ہونے کا خدشہ بھی ہے . محکمہ موسمیات کی جانب سے اس حوالے سے پہلے سے ضرورت انتظامات کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے لیے الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے .
. .