ڈھاکہ ٹیسٹ،قومی ٹیم کی شکست پر کپتان نے بڑی وجہ بتا دی

میرپور (قدرت روزنامہ)قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست پر کہا ہے کہ کسی پر الزام نہیں لگائیں گے، ذمہ داری خود لیں گے، ٹیسٹ کرکٹ میں بریک ہونے پر چیزیں مشکل ہو جاتی ہیں۔
ڈھاکہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود کا کہنا تھا کہ ناہید رانا نے ٹیم پلاننگ اور عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، ہارنا مایوس کن تھا، ہمیں امید تھی کہ ہمارے سیٹ بلے باز کھیل کو مزید آگے لے جاتے لیکن بدقسمتی سے ان کے ساتھ ایسا ہوا، اگر ہمارے سیٹ والے بلے باز زیادہ وقت کھیلتے تو ہم میچ ڈرا کر سکتے تھے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ مثبت بات یہ ہے کہ اذان اویس اور عبداللہ فضل نے اچھا کھیلا، عبداللہ نے آج صبح ٹریننگ کے دوران سر پر بال لگ گئے، تاہم اس کے باوجود انہوں نے اچھی ہمت کا مظاہرہ کیا، دونوں نوجوان بلے باز مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیل کر میچور ہوں گے۔
ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ بطور کپتان میں یہ نہیں کہوں گا کہ بولر یا بلے باز نے اچھا نہیں کھیلا۔ بولر نے چند سیشنز میں اچھی بولنگ کی۔ بنگلہ دیش کے نجم الحسین شنتو اور مومن الحق نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ہم نے محسوس کیا کہ مومن الحق اور شنٹو کی شراکت کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکل گیا۔
شان مسعود نے کہا کہ میری رائے میں یہ ٹیسٹ کی بہترین پچ تھی۔ اسپنرز نے فاسٹ باؤلر کی وکٹیں لینے میں مدد کی۔ ہدف حاصل کرنے کے بعد ہم نے کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ چائے کے وقفے تک میچ کنٹرول میں تھا۔ جب بھی ہم کوئی میچ ہارتے ہیں تو جذبات بلند ہوتے ہیں۔ ہمیں ایک ٹیم کے طور پر ذمہ داری سے کھیلنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہم اپنی غلطیوں سے سیکھنے اور اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ میں شکست کا ذمہ دار کسی کو نہیں دوں گا۔ میں خود ذمہ داری لوں گا۔ بطور کپتان میں چیزوں کو بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ جدید دور کی کرکٹ میں ایک کھلاڑی ہر جگہ خود کو ایڈجسٹ کرتا ہے۔ جب ٹیسٹ کرکٹ میں وقفہ ہوتا ہے تو چیزیں مشکل ہوجاتی ہیں۔
