امریکہ جیسے سپر پاور ملک کے پاس بھی صحت کارڈ جیسی سہولت موجود نہیں ہے۔ شہباز گل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) شہباز گل کا شریف خاندان اور ان کے ملازمین کو ہیلتھ کارڈز بھجوانے کا اعلان۔ شریف خاندان کو ملازمین سمیت ہیلتھ کارڈز بھجوا رہے ہیں جس کے بعد اب ان کو علاج کے لیے لندن جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے شریف خاندان اور ان کے ملازمین کو ہیلتھ کارڈز بھجوانے کا اعلان کر دیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں معاون خصوصی نے کہا کہ شریف خاندان کو ملازمین سمیت ہیلتھ کارڈز بھجوا رہے ہیں جس کے بعد اب ان کو علاج کروانے کے لیے لندن جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کو صحت کارڈ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، آج لاہور کے عوام کے لیے تاریخی دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ جیسی سہولت امریکہ جیسے سپر پاور ملک میں بھی نہیں ہے، ملک پاکستان کی تاریخ میں یہ ایک نیا باب لکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا صحت کارڈ کے ذریعے ہر شہری دس لاکھ روپے تک نجی و سرکاری اسپتال سے علاج کروا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غریب آدمی کو ہیلتھ کارڈ دیا، 31 مارچ تک پورے پنجاب کو صحت کارڈ کی سہولت میسر ہو گی۔
منی بجٹ کے حوالے سے شہباز گل کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ اشیاء پر17 فیصد ٹیکس لگایا گیا، جو چیزیں حکومت کے اختیارمیں تھیں وہ سستی کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں گیس 500 فیصد مہنگی ہوئی ہے جبکہ پیٹرول پوری دنیا میں مہنگا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل ایک طرف منافع اور دوسری طرف مہنگائی کی بات کرتے ہیں۔ مخالفین ہمیں بتائیں وزیر اعظم عمران خان نے کون سی شوگر مل لگائی ہے۔