وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام اآباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک آذربائیجان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ نہایت گرمجوشی پر مبنی اس گفتگو میں دونوں صدور نے ایک دوسرے کے لیے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدر الہام علیوف کو آئندہ ہفتے باکو میں منعقد ہونے والے ’ورلڈ اربن فورم‘ کے کامیاب انعقاد کے لیے پیشگی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ناگزیر سرکاری مصروفیات کے باعث ذاتی طور پر فورم میں شرکت سے معذرت کی، تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کی جانب سے ایک اعلیٰ سطحی وفد اس اہم عالمی ایجنڈے میں بھرپور نمائندگی کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی موجودہ پیش رفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران علاقائی امور، بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور امن کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر صدر الہام علییوف نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے قیام کے لیے پاکستان کے کلیدی سفارتی کردار کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی کامیاب سفارتکاری عالمی برادری کے پاکستان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا بین ثبوت ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور رواں سال کے آخر میں بالمشافہ ملاقات کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ وزیراعظم نے صدر علییوف کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جس کا انہوں نے پرخلوص جواب دیا۔
