بلوچستان اسمبلی میں میڈیا پر نئی پابندیاں، صحافیوں کی آزادانہ رسائی محدود ‘ مخصوص مقام سے رپورٹنگ کی اجازت ہوگی ‘ ایس او پیز جاری


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )بلوچستان صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ نے انتظامی، سیکیورٹی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر اسمبلی حدود میں میڈیا نمائندگان کے لیے نئے ضابطہ اخلاق (SOPs) جاری کر دیے ہیں۔ سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق یہ ہدایات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی۔جاری کردہ نئے ضوابط کی تفصیلات درج ذیل ہیں:کار پورٹ ایریا پر پابندی: اسمبلی احاطہ کے اندر شیشہ گیٹ کے سامنے کار پورٹ ایریا میں میڈیا نمائندگان کے کھڑے ہونے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔مخصوص میڈیا پوائنٹ کی تعمیر: VVIP مین داخلی دروازے کے ساتھ واقع چھوٹے لان میں ایک عارضی شیڈ تعمیر کیا جائے گا اور وہاں پوڈیم نصب کیا جائے گا۔ وزیراعلی، وزرا، اراکین اسمبلی اور سرکاری ترجمان صرف اسی مقام پر میڈیا سے گفتگو یا بریفنگ دے سکیں گے۔رسائی کی حد: میڈیا نمائندگان کو صرف مخصوص کردہ شیڈ ایریا، میڈیا سیل اور پریس گیلری تک رسائی کی اجازت ہوگی۔VVIP گیٹ پر آمد و رفت: شیشہ گیٹ (VVIP مین گیٹ) پر آمد و رفت کو سختی سے محدود کر دیا گیا ہے، یہ راستہ صرف وزیراعلی اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے مجاز عملے کے لیے مختص ہوگا۔آزادانہ نقل و حرکت پر پابندی: کسی بھی میڈیا نمائندے یا غیر مجاز فرد کو محدود شدہ علاقوں میں آزادانہ گھومنے پھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اسمبلی سیکرٹریٹ نے میڈیا نمائندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اور انتظامی امور میں تعاون کرتے ہوئے ان ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

WhatsApp
Get Alert