سیاسی و معاشی بحرانوں کا حل منظم قومی جدوجہد میں ہے، عوام کا اعتماد پشتونخوا نیپ پر بڑھ رہا ہے — نصراللہ خان زیرے

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ )پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے اور دیگر رہنماں نے ستار روڈ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف شخصیات کی آئے روز پارٹی میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کا اعتماد پارٹی کے نظریے پر مستحکم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیپ اپنے اسلاف کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پشتون ملی نجات کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرے گی، کیونکہ موجودہ سیاسی و معاشی بحرانوں کا حل صرف ایک منظم اور نظریاتی قومی جدوجہد میں ہی ممکن ہے۔تقریب کے دوران سید ذوالفقار آغا، نقیب خان، عقیل خان اور افتخار نیازی سمیت درجنوں افراد نے پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔ مقررین نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی شمولیت سے تنظیم مزید فعال اور مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور نوجوان نسل قومی حقوق، سماجی انصاف اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کرے۔