سحرانگیز فن تعمیر،مدینہ منورہ کی دیواروں پربکھرے خطاطی کے شاہکار،پاکستانی خطاط کا عالمی اعزاز


ریاض(قدرت روزنامہ)قبلہ کی دیوار مسجد نبویﷺ کی خطاطی والی دیواریں اسلامی فن تعمیر اور عقیدت کا ایک شاہکار ہیں، عثمانی سلطان عبد المجید اول کے دور (1840ء کی دہائی) میں اس دیوار پر انتہائی خوبصورت خطاطی کی گئی۔ اس دیوار پر نبی کریم ﷺ کے تقریباً 185 مبارک نام تحریر ہیں۔
یہاں زیادہ تر خطِ ثلث (Thuluth Script) کا استعمال کیا گیا ہے، جو اپنی خوبصورتی اور رعب کی وجہ سے اسلامی فنِ خطاطی میں سب سے ممتاز مانا جاتا ہے۔
مسجد نبویﷺ کے موجودہ چیف خطاط پاکستان کے مایہ ناز آرٹسٹ شفیق الزماں خان ہیں۔ شفیق الزماں خان نے 1994ء میں مسجد نبویﷺ میں خطاطی کی بحالی کے لیے منعقدہ ایک عالمی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
وہ گزشتہ 30 سال سے زائد عرصے سے مسجد نبویﷺ کے گنبدوں اور دیواروں پر موجود پرانی عثمانی خطاطی کی مرمت، بحالی اور نئے فن پارے تیار کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔
حکومتِ پاکستان نے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزاز “صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی” (Pride of Performance) سے بھی نوازا ہے۔
سلطان عبد المجید اول کے دور میں مسجد نبوی کی اصل خطاطی مصر سے تعلق رکھنے والے مشہور عثمانی خطاط عبد اللہ زہدی آفندی نے کی تھی۔

WhatsApp
Get Alert