ٹرمپ موبائل کے T1 اسمارٹ فون کی لانچ اکتوبر تک مؤخر

واشنگٹن (قدرت روزنامہ) Trump Mobile نے اپنے پہلے اسمارٹ فون T1 کی لانچ اکتوبر تک مؤخر کرنے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ کمپنی نے اس کی ابتدائی ریلیز کا شیڈول اگست میں رکھا تھا۔
T1 اسمارٹ فون کو پہلی بار جون میں ٹرمپ موبائل سروس کے آغاز کے ساتھ متعارف کرایا گیا تھا، جس نے ٹیکنالوجی مارکیٹ میں خاصی توجہ حاصل کی۔
امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے سے گفتگو کرتے ہوئے کمپنی کے نمائندے اوبرائن نے بتایا کہ فون کی ریلیز میں تاخیر ڈیوائس کو مزید بہتر بنانے اور اس کے معیار کو اعلیٰ بنانے کے لیے کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہماری نظر میں یہ تاخیر فائدہ مند ثابت ہوگی کیونکہ ہم صارفین کو ایک بہترین پروڈکٹ فراہم کر رہے ہیں۔”
کمپنی کے مطابق T1 اسمارٹ فونز کی پہلی کھیپ امریکا میں اسمبل کی جا چکی ہے، جبکہ مستقبل کے ماڈلز میں زیادہ تر امریکی ساختہ پرزہ جات استعمال کیے جائیں گے۔
کمپنی نے اس فون کو امریکی مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے ایک مقامی پروڈکٹ کے طور پر پیش کیا ہے۔
T1 اسمارٹ فون کی نمایاں خصوصیات
T1 اسمارٹ فون سنہری رنگ کے ڈیزائن، 6.78 انچ ڈسپلے، فنگر پرنٹ سینسر، اے آئی فیس ان لاک اور ٹرپل کیمرا سیٹ اپ جیسی جدید خصوصیات سے لیس ہے۔
یہ فون اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر چلتا ہے اور اس کی قیمت 499 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ بکنگ کے لیے صارفین کو 100 ڈالر قابلِ واپسی ڈپازٹ جمع کرانا ہوگا۔
ٹرمپ موبائل کی جانب سے “47 پلان” کے نام سے 5G وائرلیس سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کی ماہانہ فیس 47.45 ڈالر رکھی گئی ہے۔ اس پلان کا نام امریکی صدر Donald Trump کی دو صدارتی مدتوں کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
فی الحال یہ فون صرف امریکا میں دستیاب ہے جبکہ پاکستان یا دیگر ممالک میں اس کی دستیابی سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ موبائل براہِ راست ڈونلڈ ٹرمپ کی ملکیت نہیں بلکہ اسے Trump Media and Technology Group کے تحت چلایا جا رہا ہے۔ فون کی تیاری اور سروسنگ ایک لائسنس یافتہ کمپنی انجام دیتی ہے، جبکہ ٹرمپ کا نام اور برانڈ بنیادی طور پر مارکیٹنگ مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
